وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق میں علما کی دعاؤں اور فیلڈ مارشل کی قیادت کی بدولت اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا کی۔
اسلام آباد میں قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کی بے مثال کوششیں معرکۂ حق میں ہماری کامیابی کے پیچھے تھیں۔ شہدا کے لواحقین کے چہروں پر اعتماد دیکھنے کو ملتا ہے، اس سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیے: علما کے جائز مسائل حل کیے جائیں گے: محسن نقوی کی مفتی منیب الرحمان سے ملاقات میں اتفاق
وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ہمارے ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ نہیں ہوگا اور ایک دوسرے کے پیچھے نماز ادا نہ کرنے کی تلقین کی جاتی رہے گی، تب تک قوم کو اکٹھا نہیں کیا جا سکتا۔ اس محفل میں قوم میں یکجہتی پیدا کرنے کے عزم کا اظہار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی حوالے سے خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے عسکری اور سیاسی قیادت نے بھرپور کوششیں کیں، لیکن دہشت گردی اور ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ علما نے پاکستان بنانے میں قائداعظم کا ساتھ دیا تھا، اور پاکستان کے قیام کے بعد توقع تھی کہ اس کی بدولت دنیا بھر میں اسلام کا چرچا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: معرکہ حق میں بھارت کے خلاف فتح سے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
وزیراعظم نے کہا کہ شب و روز محنت سے پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔ پوری قوم کو قومی معاملات پر یک جان ہونا ہوگا۔ دشمن حیرت میں ہے اور دوست ممالک خوش ہیں کہ پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔ ایسے میں اگر افواج کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈا کیا جائے تو ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنی افواج کا دفاع کریں۔
اس موقع پر ملک بھر سے علما اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔














