وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں نے ملک کو شدید معاشی عدم استحکام سے دوچار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: احتجاج کے حوالے سے پارٹی عمران خان کے پیغام کی منتظر ہے، شفیع جان
شفیع جان نے مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی کی پی ٹی آئی مخالف پریس کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ایک ہارے ہوئے شخص کو پی ٹی آئی کے خلاف بہتان تراشی کے لیے بھرتی کررکھا ہے۔
شفیع جان کے مطابق اختیار ولی ایک غیر سنجیدہ شخص ہے جو روزانہ ایک منتخب وزیر اعلی کے خلاف پراپیگنڈہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیار ولی اور ان کی جماعت انتشاری ذہنیت کی مالک ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ جعلی کوآرڈینیٹر کو نوشہرہ کے عوام نے مسترد کر کے اس کی اصل سیاسی حیثیت یاد دلا دی ہے۔ ان کے مطابق یہ شخص امیر مقام کی ناراضی اور غصہ پی ٹی آئی پر الزام تراشیوں کی صورت میں نکال رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امن جرگہ کے حوالے سے فائنل ڈرافٹ تیار، تمام فریقین کو اعتماد میں لے لیا گیا، شفیع جان
معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں نے ملک کو شدید معاشی عدم استحکام سے دوچار کیا ہے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ ن کی توجہ عوامی فلاح کے بجائے اپنی کرپشن چھپانے پر مرکوز ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ پاکستانی عوام باشعور ہیں، روزانہ کی جھوٹی اور من گھڑت پریس کانفرنسوں سے قوم کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مسلم لیگ ن کی نیندیں حرام کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر قابض سیاسی ٹولے نے پی ٹی آئی کے خلاف ظلم اور جبر کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر شدید سردی میں علیمہ خان، کارکنوں اور پارلیمنٹرینز پر واٹر کینن کا استعمال اس کی تازہ مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی والے منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں، اختیار ولی کا دعویٰ
شفیع جان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مسلم لیگ ن کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں۔














