کوئٹہ میں خواتین کو بااعتماد اور بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدام کے طور پر خصوصی سفری سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گرین بس منصوبے کو وسعت دیتے ہوئے جہاں شہر کے لیے 12 نئی بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے، وہیں خواتین کی آسان اور محفوظ آمد و رفت کے لیے 5 پنک بسیں بھی باقاعدہ طور پر سروس میں شامل کردی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پنک بسیں شہر کے مختلف مقامات سے چلائی جائیں گی، جن کا مقصد خواتین کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف خواتین کی خود مختاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بھی مزید آسان ہو جائے گی۔
عوامی حلقوں اور طالبات نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنک بس سروس سے خواتین کے لیے سفر کا دیرینہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا، جبکہ گرین بس منصوبے کی وسعت شہریوں کو مزید معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔












