کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز لاہور سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ مدیحہ نے ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں اپنی والدہ ظاہرہ زبیر کو ہرا کر سلور میڈل حاصل کرلیا۔
86 کلوگرام کی کلاس میں مدیحہ نے 129 کلو وزن اٹھا کر سلور میڈل حاصل کیا جبکہ ان کی والدہ ظاہرہ نے مجموعی طور پر 108 کلو وزن اٹھایا۔
گھر کے دیگر 3 افراد بھی مقابلے میں شامل
ویٹ لفٹنگ کے ان مقابلوں میں لاہور سے تعلق رکھنے والی مدیحہ کے گھر کے 4 دیگر افراد حصہ لے رہے ہیں جن میں والدہ ظاہرہ، والد محمد زبیر منظور، پھوپھی صائمہ اورچچا زہیب منظور شامل ہیں۔
ماں تو ماں ہوتی ہے
میڈل نہ جیتنے کے باوجود ظاہرہ زبیر بیحد خوش تھیں کہ ان کی بیٹی نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
مدیحہ نے جیت کے بعد کہا کہ انہیں بچپن سے ہی ویٹ لفٹنگ کا ماحول ملا کیونکہ ان کے والد، دادا اور والدہ سب ویٹ لفٹرز ہیں۔
مدیحہ کی خواہش دادا کی طرح نام پیدا کرنا
وہ نیشنل گیمز میں میڈل جیت کر خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے دادا اولمپیئن محمد منظور کی طرح اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔
مدیحہ کے والد محمد زبیر پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل گیمز میں حصہ لے رہے ہیں۔
مدیحہ کے دادا محمد منظور نے سنہ 1976 کے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔













