پی سی ڈھابہ، لاہور کی پنجاب یونیورسٹی (نیو کیمپس) میں واقع ایک انتہائی معروف اور محبوب کھانے پینے کی جگہ ہے۔ روایتی، سادہ مگر بے حد لذیذ کھانے اس ڈھابے کی پہچان ہیں۔ یہاں چائے، پراٹھے، دال چاول، چکن کڑاہی اور دیگر دیسی پکوان نہایت مناسب قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کا ڈھابہ نما چھوٹا پی سی ہوٹل، لوگ دور دراز سے یہاں کیوں آتے ہیں؟
یہ جگہ صرف کھانے پینے کا مقام نہیں، بلکہ پنجاب یونیورسٹی کے کلچر کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں علمی گفتگو، دوستوں کی محفلیں، گپ شپ اور یادوں کی نشستیں اکثر جمتی رہتی ہیں۔ صبح کے ناشتے سے لے کر رات گئے تک یہاں کا ماحول ہمیشہ دوستانہ، آرام دہ اور زندگی سے بھرپور رہتا ہے۔
پی سی ڈھابے کے مالک منظور چاچا کا کہنا ہے کہ 40 سال سے ہر پروفیسر، ہر طالبِ علم اور ہر ملازم میرے پاس کھانا کھانے آتے ہیں۔ آج بھی وہی محبت اور وہی رونق قائم ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے ایک طالب علم کا کہنا ہے پی سی ڈھابہ آج بھی لاہور میں میری پسندیدہ ترین جگہوں میں سے ایک ہے۔ یہاں سستے داموں معیاری اور سادہ کھانا ملتا ہے اور ساتھ ہی زمانۂ طالب علمی کی یادیں بھی تازہ ہو جاتی ہیں۔ ہمارے لیے پی سی ڈھابہ کسی نعمت سے کم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صحافت چھوڑ کر ڈھابہ کھولنے والا ضلعی انتظامیہ کے ہاتھوں پریشان، ویڈیو وائرل
میں خود بھی گزشتہ 3، 4 سال سے یہاں آتا جاتا رہا ہوں۔ دوستوں کے ساتھ چائے پینے، کھانا کھانے اور علمی و ادبی موضوعات پر گفتگو کا لطف یہاں کچھ اور ہی ہے۔ اکثر ہم کلاس فیلوز مل کر یہاں آتے اور حالاتِ حاضرہ سمیت مختلف موضوعات پر خوبصورت محفلیں جمتیں۔
ایک خاص بات یہ ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے وہ سابقہ طلبہ جو آج بڑے آفیسر ہیں یا مختلف شعبوں میں اچھی پوزیشن پر ہیں، وہ بھی آج تک پی سی ڈھابے پر کھانا کھانے آتے ہیں۔ یہ بات ثابت کرتی ہے کہ اس جگہ کا ذائقہ اور ماحول سب کے دل میں آج بھی وہی مقام رکھتا ہے، پی سی ڈھابہ واقعی پنجاب یونیورسٹی کی ایک خوبصورت روایت ہے۔












