بنگلہ دیش کے شائقین جو 13 دسمبر کو ڈھاکا میں ہونے والے عاطف اسلم کے کنسرٹ کے لیے بے حد پرجوش تھے ٹکٹوں کی فروخت کے باوجود اس تقریب کے اچانک منسوخ ہونے پر شدید مایوسی کا شکار ہوگئے۔
عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی کہ وہ مقررہ تاریخ کو ڈھاکا میں پرفارم نہیں کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ ہم 13 دسمبر 2025 کو ڈھاکا میں ہونے والے کنسرٹ میں پرفارم نہیں کر رہے‘۔
گلوکار کے مطابق کنسرٹ کے منتظمین اور مینجمنٹ مقامی حکام سے ضروری اجازت نامے، سیکیورٹی کلیئرنس اور لاجسٹکس کے انتظامات مکمل کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ان کی شرکت ممکن نہ ہو سکی۔
کنسرٹ کی منسوخی کی خبر سامنے آتے ہی شائقین نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ متعدد افراد نے سوال اٹھایا کہ ٹکٹوں کی فروخت اس وقت کیوں کی گئی جب ضروری حکومتی اجازت نامے ہی حاصل نہیں کیے گئے تھے۔ شائقین یہ جاننے کے لیے بھی بے چین ہیں کہ خریدے گئے ٹکٹس کے ریفنڈ کا کیا طریقۂ کار اختیار کیا جائے گا۔














