حکومت کی جانب سے کیے گئے سخت فیصلوں اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
کراچی میں چینی کی قیمت میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جہاں فی کلو چینی 200 روپے سے کم ہو کر 150 روپے تک آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چینی کی قیمت پر قابو کی کوشش، حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان معاملات طے پا گئے
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں چینی کی فی کلو ہول سیل قیمت 146 روپے ہو گئی ہے، جبکہ پنجاب میں بھی چینی کی ہول سیل قیمت کم ہو کر 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
گروسرز اینڈ ہول سیلرز کے مطابق سپلائی میں بہتری اور حکومتی نگرانی کے باعث قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
گروسرز ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق چینی کے فارورڈ سودے 135 روپے فی کلو کے حساب سے بکنا شروع ہو گئے ہیں، جو آئندہ دنوں میں مزید کمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:کون سی سیاسی شخصیات شوگر ملز مالکان ہیں، انہوں نے کتنی چینی ایکسپورٹ کی؟
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور شوگر ملوں میں کرشنگ کے عمل کے باعث جلد ہی فی کلو چینی کی قیمت 100 روپے تک آنے کا امکان ہے۔
عبدالرؤف ابراہیم نے بتایا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اس کے علاوہ ڈیڑھ لاکھ ٹن درآمد شدہ چینی بھی گوداموں میں دستیاب ہے۔
ان کے مطابق جس سے سپلائی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور قیمتوں میں استحکام برقرار رہے گا۔














