جیلونگ میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے میچ میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو آسٹریلیا میں اپنے بی بی ایل سفر کے آغاز میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
برسبین ہیٹ اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان ہونے والے میچ میں امپائرز نے ایک ہی اوور میں 2 خطرناک فل ٹاس نو بالز پر شاہین کو باؤلنگ اٹیک سے ہٹا دیا جس کے بعد برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سوینی نے شاہین کو 18ویں اوور میں دوبارہ باؤلنگ کے لیے بلایا، جہاں آغاز ہی میں اولیور پیک نے ڈیپ مڈ وکٹ پر چھکا جڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیے: شاہین شاہ آفریدی کیسے وسیم اکرم بن سکتے ہیں؟ سوئنگ کے سلطان نے بتا دیا
اس کے بعد شاہین نے جواب میں یارکر کرانے کی کوشش کی، تاہم وہ بار بار اپنی لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ ایک لو فل ٹاس پر رینیگیڈز کو ایک رن ملا، جس کے بعد کمر کی اونچائی کی فل ٹاس نو بال قرار دی گئی۔ اس نو بال پر ٹم سیفرٹ نے لانگ آن کی جانب شاٹ کھیلتے ہوئے 2 رنز مکمل کر کے اپنی تیز رفتار سنچری مکمل کی۔
Pakistan's big Three on Their BBL Debut:
– Babar Azam 2 (5)
– Mohammad Rizwan 4 (10)
– Shaheen Shah Afridi 0/43 in 2.4 overs– Tough day at the office for the Pakistani trio on their Big Bash debut pic.twitter.com/052mkhqXvj
— junaiz (@dhillow_) December 15, 2025
اگرچہ فری ہٹ پر شاہین نے ایک شاندار یارکر کرائی، تاہم اگلی ہی گیند پر ایک اور خطرناک فل ٹاس پھینک دی گئی جسے بھی نو بال قرار دیا گیا۔ گیند بلے باز اور وکٹ کیپر جمی پیئرسن دونوں سے نکل گئی اور رینیگیڈز نے بائے کے طور پر مزید 2 رنز حاصل کر لیے۔
ایک ہی اوور میں 2 کمر سے اونچی نو بالز کے بعد امپائرز نے مداخلت کرتے ہوئے شاہین کو باؤلنگ سے ہٹا دیا۔ اس طرح ان کی بی بی ایل ڈیبیو اننگز مایوس کن اختتام کو پہنچی۔
یہ بھی پڑھیے: قومی کرکٹرز کو ضرورت پڑنے پر بگ بیش سمیت دیگر لیگز چھوڑنے کا حکم
شاہین شاہ آفریدی نے محض 2.4 اوورز میں 43 رنز دے دیے، جو برسبین ہیٹ کی جانب سے بی بی ایل 15 ڈرافٹ میں پہلے غیر ملکی انتخاب کے لیے خاصا مایوس کن رہا۔
اسی میچ میں میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا سکے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بی بی ایل کا آغاز مجموعی طور پر مشکل ثابت ہوا ہے۔ محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی ناکامی سے قبل بابر اعظم بھی اتوار کو اپنے بی بی ایل ڈیبیو میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تھے۔
سڈنی سکسزرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم پرتھ اسکارچرز کے خلاف صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔













