سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری تفریحی میگا ایونٹ ریاض سیزن 2025 نے عوامی دلچسپی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ متنوع تفریحی سرگرمیوں، عالمی معیار کے شوز اور مقامی ثقافت کے امتزاج نے نہ صرف مملکت کے اندر بلکہ بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کو بھی بڑی تعداد میں اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور مشیر ترکی آل الشیخ کے مطابق ریاض سیزن 2025 کے آغاز (اکتوبر) سے اب تک 80 لاکھ سے زائد افراد اس ایونٹ میں شرکت کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی حاضری اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاض سیزن اپنی متنوع اور اعلیٰ معیار کی تفریحی پیشکشوں کے باعث ہر طبقے کے افراد میں مقبول ہو رہا ہے۔
Riyadh Season 2025 Tops 8 Million Visitors Since October Launch.https://t.co/3gkcZwWkUW#SPAGOV pic.twitter.com/3gHXZjL7sl
— SPAENG (@Spa_Eng) December 15, 2025
ترکی آل الشیخ نے بتایا کہ سیزن کے مختلف زونز میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے، جن میں السویدی پارک سرفہرست ہے، جہاں مختلف ممالک کی ثقافت، کھانے، فنون، فیشن اور دستکاری کو نمایاں کیا گیا ہے۔
اسی طرح بلیوارڈ سٹی میں تھیٹرز، کنسرٹس اور تفریحی شوز جبکہ بلیوارڈ ورلڈ میں مختلف ممالک سے متاثر تجربات نے بھی زائرین کو اپنی طرف کھینچا ہے۔
ریاض موٹر شو نے بھی شائقین کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا، جہاں جدید گاڑیوں اور عالمی سطح کی ٹیکنالوجی کی نمائش کی گئی، جسے سیزن کی نمایاں سرگرمیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بڑے اسپورٹس ایونٹس، خصوصاً دی رنگ IV باکسنگ نائٹ، نے بھی شائقین میں خاص جوش و خروش پیدا کیا۔
عالمی شہرت یافتہ کانٹینٹ کریئیٹر مسٹر بیسٹ کی جانب سے پیش کیا گیا بیسٹ لینڈ بھی سیزن کی مقبول ترین سرگرمیوں میں شامل رہا، جہاں کھیل، مہمات اور لائیو شوز پر مشتمل انٹرایکٹو تفریح فراہم کی گئی۔
اسی طرح دی گرووز کو ایک نئی اور منفرد منزل کے طور پر خاص پذیرائی ملی، جہاں تفریح، کھانے پینے اور پُرآسائش ماحول کو یکجا کیا گیا ہے۔
ریاض چڑیا گھر بھی بدستور خاندانوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے ایک اہم کشش بنا ہوا ہے۔ حکام کے مطابق ریاض سیزن کے دوران مزید نئے ایونٹس اور تجربات متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس سے توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں زائرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔














