لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ناروے سے آئے شہری سے لاکھوں روپے گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ڈکیت پولیس کے ہی اہلکار نکلے جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
متاثرہ شہری مسعود الحق کے مطابق 11 دسمبر کی شام یونیورسٹی آف لاہور کے پارکنگ گیٹ کے سامنے 2 باوردی پولیس اہلکاروں نے اسے روکا۔
یہ بھی پڑھیے: سی سی ڈی بنائی، خواتین سے زیادتی کے واقعات کا فیصلہ 24 گھنٹے میں ہوتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز
مدعی کے مطابق اہلکار اسے موٹر سائیکل پر بٹھا کر نرسری کے قریب ایک ویران مقام پر لے گئے اور خود کو سی سی ڈی کا اہلکار ظاہر کرکے انکاؤنٹر کی دھمکیاں دیں۔ ملزمان نے پسٹل کے زور پر مسعود الحق کے بینک کارڈز حاصل کیے، جن میں سے ایک اہلکار نے قریبی اے ٹی ایم سے 95 ہزار روپے نکلوا لیے۔

مزید برآں، پولیس اہلکاروں نے مدعی کا موبائل فون لے کر اس کے بینک اکاؤنٹ سے 5 لاکھ روپے بھی اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر لیے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی: ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی، ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار ملوث نکلے
واقعے کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں یاسر، جو فلائنگ اسکواڈ میں اہلکار ہے، جبکہ وقار ایس پی یو میں تعینات بتایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔













