تائیوان کے شہر تائی پے میں ایک چاقو بردار شخص کے حملے سے 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور پولیس کے تعاقب کے دوران عمارت سے گر کر ہلاک ہوگیا۔
تائیوان کے وزیر اعظم چو جنگ ٹائی نے بتایا کہ ملزم نے پہلے تائی پے کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر دھواں چھوڑنے والے بم پھینکے، اور پھر قریبی سب وے اسٹیشن کی جانب دوڑتے ہوئے راستے میں لوگوں پر حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: لندن جانے والی ٹرین میں چاقو حملہ، 10 افراد زخمی، 2 گرفتار
وزیر اعظم نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مشتبہ حملہ آور کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا اور اس کے خلاف وارنٹ جاری تھے۔ اس کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان میں پرتشدد جرائم بہت کم دیکھے جاتے ہیں۔
وزیر اعظم چو نے مزید کہا کہ ہم اس کے پس منظر اور تعلقات کی تحقیقات کریں گے تاکہ اس کے محرکات کو سمجھا جا سکے اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس کے دیگر روابط یا عوامل بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی ریاست مشی گن کے وال مارٹ اسٹور میں چاقو سے حملہ، 11 افراد زخمی
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کے پاس دھواں چھوڑنے والے بم کے علاوہ ممکنہ طور پر پٹرول بم بھی تھے جو موقع پر جل گئے، اور اس نے بظاہر بلٹ پروف جیکٹ اور ماسک بھی پہنا ہوا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس نے عوام پر بلا امتیاز حملے کے لیے دھواں بم پھینکے اور لمبی چھری کا استعمال کیا۔














