پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔ بورڈ کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی 20 جنوری 2 ہزار 26 تک اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کے بعد امریکا میں پی ایس ایل کا روڈ شو، محسن نقوی کا لیگ کو نمبر ون بنانے کا اعلان
پی ایس ایل 11 کو لیگ کی تاریخ کا ایک اہم اور منفرد سیزن قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ پہلی بار ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ سیزن 26 مارچ سے 3 مئی 2 ہزار 26 تک کھیلا جائے گا، جس کے باعث میچز کی تعداد اور مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق 2 نئی فرنچائزز کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اس نیلامی کو پہلے 6 جنوری کو ہونا تھا، تاہم غیر معمولی دلچسپی اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ لندن اور نیویارک میں پی ایس ایل 11 کے روڈ شوز کے بعد دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کا آغاز کب سے ہوگا؟ محسن نقوی نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنا دی
پی سی بی نے 2 نئی ٹیموں کے لیے 6 پاکستانی شہروں فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی، حیدرآباد، مظفرآباد اور گلگت کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ ان شہروں میں پی ایس ایل کے روڈ شوز کا انعقاد نہیں کیا گیا۔
بورڈ کے مطابق لیگ میں توسیع کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے اسکواڈ میں شامل ہونے کے مواقع اور مالی امکانات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے کرکٹرز، ان کے ایجنٹس اور آزاد کھلاڑیوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ پلیئر پول کا حصہ بن سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا مظفرآباد میں پی ایس ایل میچز کرانے کا فیصلہ
پی ایس ایل 11 کو کرکٹ کی دنیا میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، جہاں شائقین کو زیادہ ٹیمیں، زیادہ میچز اور عالمی سطح کے اسٹار کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔














