لاہور میں فضائی معیار میں بتدریج بہتری برقرار ہے اور دسمبر کے آخری ایام میں شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 160 ریکارڈ کیا گیا، جس سے اسموگ کی مجموعی صورتحال میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اسموگ کنٹرول پلان مؤثر انداز میں جاری ہے، جس کے تحت آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں رواں مہینے فضائی معیار میں 30 فیصد بہتری ہوئی، رپورٹ
محکمہ ماحولیات اور ایئر پالیوشن اتھارٹی (EPA) کی 24 گھنٹے نگرانی اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے فضائی معیار پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔ اے کیو آئی میں بہتری حکومتی پالیسیوں، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی ذمہ داری کا واضح ثبوت ہے، اور حکومت اسموگ کے مستقل حل کے لیے پرعزم ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ، گرین ٹیکنالوجی اور شہری ماحولیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی آئی ہے۔ فضائی معیار میں بہتری کے باوجود شہریوں کو احتیاطی تدابیر جاری رکھنے، ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے مریضوں کے لیے گھروں کے اندر مناسب ہوا داری اور صحت بخش طرزِ زندگی اپنانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں انفلوئنزا کی نئی قسم کی نشاندہی، ویکسین دستیاب نہ ہونے کا انکشاف
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے لاہور میں اسموگ کنٹرول کی سمت مثبت پیشرفت ہوئی ہے، اور آئندہ دنوں میں فضائی معیار میں مزید بہتری کی توقع ہے۔














