اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کےخلاف ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے مقدمے کی ضمانت خارج کر دی، عدالت نے پرویزالہی کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا نے سابق وزیراعلٰی پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی، پرویز الٰہی کی جانب سے عدم پیشی پرعدالت نے حاضری معافی کی درخواست بھی خارج کر دی۔
پرویز الٰہی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر آج بھی اینٹی کرپشن عدالت پیش نہ ہوئے جس پر جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی عدالت کیوں نہیں آئے، وکیل نے جواب میں کہا کہ پرویز الٰہی بیمار ہیں انکے سینے میں درد ہے، میڈیکل رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ جعلی ہے، او پی ڈی کی پرچیاں لگائی گئی ہیں۔
جج نے وکیل پرویز الٰہی سے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی ٹی وی پر تو نظر آتے ہیں یہاں کیوں نہیں آتے، جس پر وکیل نے کہا کہ ٹی وی پر چلنے والی ویڈیوز پرانی ہیں۔
سماعت کے بعد انیٹی کرپشن عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر 25 مئی تک دی گئی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
مزید پڑھیں
یاد رہے گزشتہ سماعت پر پرویز الہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پرویزالہٰی سمیت دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔