سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق 24 دسمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی، جن میں بھارتی پراکسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔ بیان کے مطابق یہ دہشتگرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12دہشت گرد ہلاک
علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق انسداد دہشتگردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔














