پاکستان نیول اکیڈمی، کراچی میں 124ویں مڈشپمین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن کورس (ایس ایس سی) کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس نے کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کیا۔
اس موقع پر بحریہ بحرین کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم البِن علی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔
یہ بھی پڑگھیے: ترکیہ: پاکستان نیوی کے جہاز ’پی این ایس خیبر‘ کی کمیشننگ تقریب، رجب طیب اردوان کی خصوصی شرکت
مہمان خصوصی، جو خود پاکستان نیول اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں، نے اپنی مادر علمی میں کمیشننگ پریڈ کا جائزہ لینے پر فخر کا اظہار کیا اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو خطے کی ایک مضبوط قوت قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی دوستانہ ممالک کے کیڈٹس کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرنے کی طویل روایات کو سراہا، جبکہ پریڈ میں بحرین، عراق، ریپبلک آف جیبوتی، سری لنکا اور ترکی کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔

مہمان خصوصی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی ترقی کے عزم کو بھی دوبارہ اجاگر کیا۔ بعد ازاں، مہمان خصوصی نے کامیاب کیڈٹس کو انعامات بھی تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نیوی، ایف بی آر اور کسٹمز کی کارروائیاں، اربوں روپے مالیت کی منشیات ضبط
مڈشپ مین محمد عزیر عباس کو مجموعی بہترین کارکردگی پر سوڈ آف آنر دیا گیا، جبکہ مڈشپ مین شہاب احمد کو اکیڈمی کا ڈِرک ملا۔ پاکستان کے آفيسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق کے آفيسر کیڈٹ الدہابی فہد حسام فرید نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل جیتا، اور ایس ایس سی کورس کے آفيسر کیڈٹ سید سعد شاہد نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پروفیشنسی بینر کو کوارٹر ڈیک اسکواڈرن نے جیتا۔
اس تقریب میں فوجی افسران، معززین اور کیڈٹس کے والدین بھی موجود تھے۔














