بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں زیر سمندر پائی جانے والی نایاب نسل کی دیو ہیکل وہیل مچھلی مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے وہیل مچھلی کے مردہ حالت میں پائے جانے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ دیو ہیکل وہیل مچھلی جمعہ کو سمندر کی لہروں کے اوپر تیرتی ہوئی پائی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جمعہ کی صبح ساحل سے مردہ حالت میں پائی جانے والی اس وہیل مچھلی کو بلیو وہیل کہا جاتا ہے۔ اس کی لمبائی 42 فٹ تک ہوتی ہے۔ بلیو وہیل کا شمار قوی الجثہ نایاب آبی مخلوق میں ہوتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مچھلی بلوچستان کے ساحلی علاقے باندری جیوانی گوادر کے قریب سمندر کے گہرے پانیوں میں مردہ حالت میں پائی گئی ہے، اس کے مرنے کی وجوہات تا حال معلوم نہیں ہو سکیں تاہم اس کے نمونے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری میں بھیج دیے گئے ہیں۔