غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، محسن نقوی

جمعہ 9 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پاکستان کی ساکھ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو کسی بھی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم ملک کے وقار کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان اور  یورپی یونین کے درمیان غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ روکنے پر اتفاق

محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ امیگریشن قوانین پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ہوائی اڈوں پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اجلاس میں پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس مافیا اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس نیٹ ورک کو ہر صورت ختم کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp