عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین نے پارٹی الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد اے این پی کی مرکزی قیادت آئندہ سال جنوری میں منتخب ہوجائے گی۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ’اے این پی کے انٹرا پارٹی الیکشن 4 سال بعد ہونے جا رہے ہیں تمام مراحل کے بعد جنوری 2024 میں مرکزی قیادت کا انتخاب کیا جائے گا۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ ’ہم 40 سال سے دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں اور ان کارروائیوں کے دوران معصوم لوگوں کو مارنے والے قومی مجرم ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی بحران پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعوت قبول کرنے کے باوجودشرکت نہیں کی۔
سیکریٹری جنرل اے این پی کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پی ٹی آئی شرکت کرتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بروقت اور شفاف انتخابات سے ہی ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے ہیروں کا جو ہار بنایا گیا تھا اب وہ بکھرنے لگا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی کارکن مشکل حالات میں پارٹی نہیں چھوڑتے اور پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی چھوڑنے کی بجائے قید و بند برداشت کریں۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ ’ہم سیاسی جماعتوں پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں لیکن انہوں نے جو کچھ ملک میں کیا اس کی انہیں سزا ملنی چاہیے‘۔
اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہن ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں مضبوط ہوں تو کوئی چور دروازے سے پارلیمنٹ نہیں آسکتا۔