لاہور میں کھیلی جانے والی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے میچز کے آغاز کے وقت میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
شدید موسمی حالات کے باعث اب میچز شام 6 بجے کے بجائے 4 بجے شروع ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر، آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کا شیڈول جاری
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق ٹاس 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا جبکہ پہلی گیند 4 بجے کرائی جائے گی۔
اس سے قبل ٹاس ساڑھے 5 بجے اور میچ شام 6 بجے شروع ہونا تھا، شیڈول میں یہ تبدیلی شہر میں دھند کے باعث ممکنہ خلل سے بچنے کے لیے کی گئی ہے۔
📢 Pakistan vs Australia T20 matches will now start at 4:00 PM instead of 6:00 PM. Due to extreme weather ( Sohail Imran) pic.twitter.com/X931UBDEOk
— junaiz (@dhillow_) January 16, 2026
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے ٹی20 سیریز کے شیڈول کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 3 میچوں پر مشتمل یہ سیریز 29 جنوری، 31 جنوری اور 1 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
آسٹریلوی ٹی20 اسکواڈ بدھ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے لیے ٹکٹوں کا اعلان، اس بار قیمتیں کیا رکھی گئی ہیں؟
یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل اہم تیاری ثابت ہوگی، ورلڈ کپ میں پاکستان کو گروپ اے جبکہ آسٹریلیا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔
یہ 2022 کے بعد آسٹریلیا کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 میچز کے علاوہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھی پاکستان میں مدمقابل آچکی ہیں۔
دوسری جانب سیریز کے ٹکٹس اس وقت آن لائن دستیاب ہیں، جبکہ پیر 19 جنوری سے صبح 10 بجے کے بعد نامزد مراکز پر فزیکل ٹکٹس کی فروخت بھی شروع کر دی جائے گی۔














