ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا سے باہر مختصر تفریحی مواد کے میدان میں قدم بڑھاتے ہوئے ایک نئی مختصر ڈراما ایپ پائن ڈراما خاموشی سے ریلیز کر دی ہے۔
پائن ڈراما میں ایک منٹ کی قسطوں پر مشتمل مائیکرو ڈرامے دکھائے جاتے ہیں، جن میں ہر ویڈیو ایک اسکرپٹڈ کہانی کا حصہ ہوتا ہے اور اسے تیز رفتار اور لگاتار دیکھنے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں نے 2025 میں ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟ تفصیلات جاری
اس وقت یہ ایپ مفت اور بغیر اشتہارات کے دستیاب ہے، تاہم مستقبل میں مونیٹائزیشن متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
ابتدائی طور پر اس ریلیز کی خبر بزنس انسائیڈر نے رپورٹ کی تھی۔ صارفین ڈسکور ٹیب کے ذریعے مواد تلاش کر سکتے ہیں، جہاں آل اور ٹرینڈنگ ڈرامے دکھائے جاتے ہیں، اور اپنی دلچسپی کے مطابق عمودی ترتیب میں قسطیں اسکرول کر کے دیکھی جا سکتی ہیں۔
ڈراموں کی انواع میں رومانس، تھرلرز اور فیملی ڈرامے شامل ہیں۔ مقبول عنوانات میں لوو ایٹ فرسٹ بائٹ اور دی آفیسر فیلڈ فار می شامل ہیں۔
پائن ڈراما میں صارفین کے لیے فیورٹس، واچ ہسٹری اور کمنٹ سیکشن جیسے فیچرز بھی موجود ہیں، جن سے وہ اپنی پسندیدہ سیریز ٹریک کر سکتے ہیں اور دیگر ناظرین کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ٹک ٹاک مونیٹائزیشن کب تک ممکن ہے؟
فل اسکرین ویو میں کیپشن اور سائیڈ بار ہٹا دیے جاتے ہیں تاکہ دیکھنے کا تجربہ زیادہ واضح اور پرکشش ہو۔
پائن ڈراما کے ذریعے ٹک ٹاک براہِ راست ریل شارٹ اور ڈراما باکس جیسے پلیٹ فارمز سے مقابلہ کر رہا ہے، جو کم بجٹ اور کلیف ہینگر طرز کی کہانیوں کے ذریعے کامیاب ہوئے ہیں۔
ویرائٹی کے مطابق مائیکرو ڈراما مارکیٹ کا اندازہ ہے کہ 2030 تک اس کا سالانہ ریونیو 26 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا، جس سے یہ شعبہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کے بڑے کھلاڑیوں کے لیے اہم بنتا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاک کی نئی ایپ اس وقت آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے۔













