پرواز کے دوران طیارے کا دروازہ کھولنے پر مسافر گرفتار :جہاز سے زیادہ مسافر خطرناک ہوگئے ہیں

ہفتہ 27 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی کوریا میں ایشیانا ایئرلائن کے طیارے کا دوران پرواز دروازہ کھولنے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوران پرواز ایک مسافر نے اپنی سیٹ کے پاس کھڑکی کا دروازہ کھول رکھا ہے ، ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ فلائٹ میں بیٹھے تمام مسافر شدید خوف زدہ ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق  اس پرواز میں 194 مسافر سوار تھے جن کو بحفاظت لینڈ کروایا گیا لیکن ڈیگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہوئے بھی طیارے کا دروازہ کھلا رہا۔جنوبی کوریا کے مقامی میڈیا کے مطابق کچھ مسافر بے ہوش ہو گئے جبکہ دیگر کو سانس لینے میں دشواری تھی اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق اس مسافر کی عمر 30 سال ہے اور دوران پرواز اس نے کہا کہ اس کا دم گھٹ رہا ہے اور وہ جلدی سے اترنا چاہتا ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس شخص نے پوچھ گچھ کے دوران دعویٰ کیا کہ وہ اپنی ملازمت کھونے کے بعد تناؤ کا شکار تھا۔

ایک مقامی پولیس افسر نے لوکل میڈیا کو بتایا کہ “وہ اس وقت ذہنی طور پر بہت سے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ہم اس کی حالت کی وجہ سے اس سے صحیح طریقے سے تفتیش نہیں کر سکے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے گئے ، کسی کو اپنا خوف یاد آیا تو کسی کو لگا کہ یہ کسی ایڈونچر سے کم نہیں ہوگا۔ ایک صارف نے ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ایشین ایئر لائنز کی پرواز میں سوار ایک شخص نے ایمرجنسی ایگزٹ ڈور کھول دیا جب وہ فضا میں تھا لیکن جہاز بحفاظت لینڈ کر گیا۔ اس سے میرا جہاز میں سفر کرنے کے خوف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

 

 

گفتگو مزید آگی بڑھی تو ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ فلائٹ سے زیادہ مسافر خطرناک ہوگئے ہیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ پرواز کے دوارن پورا ایک گھنٹہ دروازہ کھلا رہنا یقینا باقی مسافروں کے لیے کافی خوفناک رہاہوگا۔ واضح رہے کہ اس فلائٹ میں بچے بھی موجود تھے جن کے بارے میں صارفین کا کہنا تھا ان کے لیے شاید زندگی بھر جہاز کا سفر خوفناک بن گیا ہوگا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp