پی ٹی آئی کے لیے سیاسی اسپیس کا کم ہونا ان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے، اکبر ایس بابر

بدھ 21 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پارٹی کے لیے اگر سیاسی اسپیس میں کمی آئی ہے اور وہ ایک بند گلی میں داخل ہوچکی ہے تو اس کا سبب ان لوگوں کے اپنے اعمال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اکبر ایس بابر کی عمران خان کو اہم پیشکش

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اکے لیے جو اسپیس پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کے پیچھے بری نیت کا عمل دخل ہے۔

’محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف بنانے کے پیچھے جاتی امرا ہے‘

اکبر ایس بابر نے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی اور عمران خان کو جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن کہنے والے محمود خان اچکزئی اب کہتے ہیں کہ عمران خان کو نکال کر لے آئیں کیا فرق پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف بنایا جانا خالصتاً مُک مُکا اور این آر او کی سیاست ہے، ان کو لانے کے پیچھے جاتی امرا ہے ساتھ ہی ساتھ عمران خان بھی ہیں۔

مزید پڑھیے: جب تک شفاف انٹرا پارٹی الیکشنز نہیں ہوتے پی ٹی آئی کے اثاثے منجمد کیے جائیں، اکبر ایس بابر

اکبر ایس بابر نے کہا کہ جمہوریت کی عمارت قانون کی حکمرانی پر کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی سے پہلے جمہوریت کا مطلب جتھوں کی حکمرانی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جو جتنا بڑا جتھا لے کر آئے گا وہ خود اپنا قانون بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جو مقبولیت کی رٹ لگاتی ہے اس کا مطلب ہے کہ وہ کہتے ہیں کیونکہ عمران خان مقبول ہے اس لیے وہ قانون سے بالاتر ہے اور یہ چیز ہمیں تباہ کر دے گی۔

’عمران خان کی مقبولیت ملک دشمنی اور انتشار کے لیے استعمال ہو رہی ہے‘

عمران خان کی مقبولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ یہ مقبولیت ملک دشمنی اور انتشار پھیلانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبولیت سیاست میں مستقل چیز نہیں ہے بلکہ یہ بدلتی رہتی ہے۔

پی ٹی آئی دہشتگردوں کی سہولت کاری کر رہی ہے

اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات کرنا ان کی سہولت کاری کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کو مشکل سے نکالنے پر کمربستہ، سارا پلان بتادیا

انہوں نے کہا کہ ہم 19 ویں صدی میں نہیں جانا چاہتے کیوں کہ طالبان کی آئیڈیالوجی پتھر کے زمانے کی ہے اسلام نے اس آئیڈیالوجی سے معاشرے کو آزاد کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بچیاں پڑھ نہیں سکتیں، عورتوں کو لیڈی ڈاکٹر نہیں ملتی لہٰذا ہم اس طرف نہیں جانا چاہتے۔

پی ٹی آئی نے اپنے بنیادی اصولوں سے انحراف کیا

اکبر ایس بابر نے کہا کہ سیاسی مافیا کا مقابلہ ہماری پارٹی کی بنیاد تھی اور ہمیں کرپشن کو اپنی صفوں سے اور پورے معاشرے سے ختم کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل پی ٹی آئی کا کیمپ آفس بنی ہوئی ہے، حکومت کو کچھ کرنا چاہیے، اکبر ایس بابر

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سیاسی کارٹیلز کا خاتمہ کرنا تھا جو مل جل کر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور ہم ہمیشہ کہتے تھے کہ سیاست میں باریاں لگی ہوئی ہیں، یہ مک مکا کی سیاست ہے جبکہ ہمارا این آر او پر بھی بڑا مضبوط مؤقف تھا۔

’محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنا کر آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں‘

اکبر ایس بابر نے کہا کہ محمود اچکزئی اپنی پہلی تقریر میں کہتے ہیں کہ عمران کو باہر لے آؤ کوئی قیامت نہیں آ جائے گی تو پھر سب کو جیل سے باہر نکال دو کوئی قیامت نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اِسی نظام کے تو خلاف تھے کہ جس میں جب کترا تو جیل میں ہوتا ہے لیکن ایک شخص اپنی مقبولیت کے زور پر بلیک میل کرتا ہے اور باہر آ جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کو جعل ساز قرار دے دیا

اکبر ایس بابر نے کہا کہ آپ کو کوئی بااثر شخص جیل میں نظر نہیں آتا باہر نکل کر وہ کہتا ہے ہم سرخرو ہو گئے۔

’پی ٹی آئی اپنے نظریات سے ہٹ گئی‘

ہمارے ابتدائی اصولوں میں یہ تھا کہ نسل در نسل سیاسی خاندانوں کی حاکمیت کو ختم کرنا ہے اور اب یہ فلسفہ رائج ہے کہ سندھ پیپلز پارٹی کے حوالے، پنجاب مسلم لیگ ن کے حوالے، خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کے حوالے، بلوچستان اللہ کے حوالے اور عوام انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے۔

’دفاعی معاہدوں کے پیچھے بھارت کو چت کرنے کی اہلیت و قابلیت ہے‘

اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ جو اچانک دنیا آپ کے ساتھ دفاعی سازوسامان کی خریداری کے معاہدے کر رہی ہے اس کے پیچھے وہ اہلیت اور قابلیت ہے جس سے آپ نے بھارت کو چت کیا اور دنیا نے دیکھا کہ کیسے اپنے سے 5 گنا بڑی فوج کو پاکستان فضائیہ نے 2 دن کے لیے اڑنے سے ہی قاصر کردیا جو سنہ 1947 سے لے کر اب تک پہلی بار ہوا تھا۔

مزید پڑھیے: وی ایکسکلوسیو: تحریک انصاف نے خودکش بمبار کی طرح سیاست کی، پی ٹی آئی بانی رکن اکبر ایس بابر

انہوں نے کہا کہ آپ نے بھارت کو میرٹ اور پرفارمنس سے چِت کیا۔ اکبر ایس بابر کے مزید تاثرات جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp