پاکستان تحریک انصاف (PTI) نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے الیکشنز ترمیمی بل 2026 کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل عوام کے حقِ معلومات، شفافیت اور احتساب کے بنیادی اصولوں پر کھلا حملہ ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
پارٹی اعلامیے کے مطابق یہ ترمیم اراکینِ پارلیمنٹ کو سیکیورٹی خدشات کے مبہم بہانے کے تحت اپنے اثاثوں کی تفصیلات عوام سے چھپانے کا اختیار دیتی ہے، جو دراصل موجودہ حکومتی طبقات کے لیے قانونی تحفظ فراہم کرنے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے قوانین جمہوریت کو مضبوط نہیں بلکہ کمزور کرتے ہیں اور حکمرانوں پر عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ جو جماعتیں خود کو شفافیت اور پارلیمانی اقدار کی علمبردار کہتی ہیں، وہ عملی طور پر اپنے کرپٹ طریقوں سے حاصل شدہ دولت کو چھپانے کے لیے یہ قانون سازی کر رہی ہیں۔
تحریک انصاف نے زور دیا کہ حقیقی سیکیورٹی خدشات کے حل کے لیے اثاثے چھپانا نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اراکینِ پارلیمنٹ کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ پارٹی کے مطابق یہ بل شفاف حکمرانی کے عالمی اصولوں کے خلاف ہے اور پاکستان کو عدم احتساب کی دلدل میں دھکیلنے کی سازش ہے۔
مزید پڑھیں: الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی کوشش، ہر جگہ چیلنج کریں گے، عمر ایوب
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ متنازع ترمیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ قوم کو اپنے نمائندوں کی دولت کے ذرائع سے آگاہ رہنے کا حق حاصل رہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ شفافیت رعایت نہیں بلکہ جمہوریت کی بنیاد ہے۔













