بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ چمن اور گرد و نواح میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، پنجگور اور خاران میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے، جہاں برف پڑنے سے شہر اور اطراف کے علاقے سفید چادر میں ڈھک گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
رپورٹس کے مطابق توبہ اچکزئی میں ڈیڑھ فٹ، کوژک ٹاپ میں ایک فٹ اور چمن شہر میں 10 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی لہر مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چمن میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر کر منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوژک ٹاپ اور خواجہ عمران میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری جبکہ توبہ اچکزئی میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مری اور گلیات میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی، سیاحوں کے لیے الرٹ جاری
دوسری طرف پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، مستونگ، واشک، تربت، آواران، ڈیرہ بگٹی، موسیٰ خیل، لورالائی اور سوراب میں تیز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس دوران زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن میں 9 سے 12 انچ جبکہ کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، قلات اور ژوب میں 2 سے 5 انچ برفباری کا امکان ہے۔










