بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، اہم قومی شاہراہیں بند

جمعرات 22 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مغربی ہواؤں کے اثر سے بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

وادی کوئٹہ سمیت مستونگ، قلات، چمن، کان مہترزئی، مسلم باغ اور دیگر بالائی اضلاع میں گزشتہ شب سے وقفے وقفے سے برفباری ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

برفباری کے باعث وادی کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے گر چکا ہے۔

پہاڑوں پر برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے کوئٹہ کے قریبی سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا ہے جہاں شہری اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پہلی برفباری، آج مزید کن علاقوں میں برف پڑے گی؟

دوسری جانب شدید برفباری کے باعث کئی اہم قومی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔ کوئٹہ چمن قومی شاہراہ خوژک ٹاپ کے مقام پر بند ہے جبکہ کوئٹہ کان مہترزئی، کوئٹہ مسلم باغ اور کوئٹہ ژوب قومی شاہراہیں مختلف مقامات سے متاثر ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فوری ریسکیو اور بحالی آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانذیب خان نے کان مہترزئی کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ریسکیو نوید احمد شیخ بھی موجود تھے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے برفباری کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں اور قومی شاہراہ سے برف ہٹانے کے آپریشن کا جائزہ لیا۔

جہانزیب خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق برفباری اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں اور قومی شاہراہوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی جا رہی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیے: مری اور گلیات میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی، سیاحوں کے لیے الرٹ جاری

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے برفباری سے قبل ہی متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ضروری سامان پہنچا دیا گیا تھا جبکہ پی ڈی ایم اے کا عملہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ مزید 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp