چپورسن کے علاقے میں آنے والے حالیہ زلزلے کے بعد پاک فوج نے سُست میں فوری اور مربوط امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت متاثرہ آبادی کے لیے خوراک، طبی امداد اور روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: برزل پاس میں برف کا تودہ گرنے سے پاک فوج کے آفیسر اور سپاہی سمیت 3 افراد شہید
امدادی سرگرمیوں کا آغاز افیّت آباد مین بازار، سُست سے کیا گیا، جہاں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان مزدا گاڑیوں میں لاد کر دور دراز اور متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا۔ یہ تیز رفتار اقدام اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ امداد بروقت اور بلا تعطل مستحق خاندانوں تک پہنچ سکے۔
پاک فوج کے جوان مقامی سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں تاکہ لاجسٹکس کو مؤثر بنایا جا سکے اور امدادی سامان کی منصفانہ تقسیم یقینی ہو۔ یہ امدادی مہم ہنگامی حالات میں پاک فوج کے انسانی ہمدردی پر مبنی کردار اور سول۔ملٹری تعاون کی عملی مثال ہے۔
مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پاہل میں پاک فوج کا ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جو قدرتی آفات کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے لیے پاک فوج کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔













