بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کھیل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش نے آئی سی سی کی غیر جانب داری پر سوال اٹھادیا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی جلد ہی اس بارے میں باضابطہ اعلان کرسکتی ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے گروپ میچز بھارت میں رکھنے کے فیصلے کے خلاف آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) میں اپیل کی تھی، مگر کمیٹی نے بنگلہ دیش کی اپیل مسترد کردی تھی۔
آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے مطابق بنگلہ دیش کی اپیل اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، اس لیے اس پر غور نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کے واضح جواب کے باوجود بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے مؤقف پر قائم
دوسری جانب بنگلہ دیش کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی ٹیم بھارت بھیجنے پر تیار نہیں، جس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کے بھارت میں کھیلنے سے انکار کے امکانات بڑھ گئے۔ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کی جگہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے سکتی ہے۔














