آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شارک کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا 12 سالہ لڑکا اسپتال میں انتقال کر گیا، جس کے بعد مشرقی ساحل پر حالیہ شارک حملوں کے باعث حفاظتی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی ورجن آئی لینڈز میں شارک کا حملہ، خاتون ہلاک
رائٹرز کے مطابق نیکو اینٹک نامی 12 سالہ لڑکا اتوار کے روز واؤکلوز کے علاقے میں دوستوں کے ساتھ چٹانوں سے پانی میں چھلانگ لگا رہا تھا کہ اس دوران شارک نے اس پر حملہ کر دیا۔ یہ مقام سڈنی کے مرکزی کاروباری علاقے سے تقریباً 9 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
حملے کے بعد نیکو کو اس کے دوستوں نے پانی سے نکالا اور دونوں ٹانگوں پر شدید زخموں کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

نیکو کے اہلِ خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ دل شکستہ ہیں اور اپنے بیٹے کی موت کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق نیکو ایک خوش مزاج، دوستانہ اور کھیلوں سے محبت کرنے والا بچہ تھا، جو اپنی مہربان اور فیاض فطرت کی وجہ سے سب کو عزیز تھا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں 2 دن کے دوران چار شارک حملوں کے بعد سڈنی سمیت درجنوں ساحل بند کر دیے گئے تھے۔ شدید بارشوں کے باعث پانی کی شفافیت کم ہو گئی تھی، جس سے شارک کے ساحل کے قریب آنے کے امکانات بڑھ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی ورجن آئی لینڈز میں شارک کا حملہ، خاتون ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھی سڈنی کے لانگ ریف ساحل پر ایک سرفر شارک کے حملے میں ہلاک ہوا تھا۔ ماحولیاتی تنظیموں کے مطابق آسٹریلیا میں سالانہ اوسطاً 20 شارک حملے ہوتے ہیں، جن میں سے 3 سے کم جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، جبکہ ساحلوں پر ڈوبنے کے واقعات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔












