آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہم نے 60 روز میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کردیا، آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرکے حکومت بنائےگی۔
اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 60 دن میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہو گیا ہے اور امن و امان کی بحالی کے بعد ترقی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نے تعلیم، ملازمتوں اور سرکاری اصلاحات کے متعدد منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل ممتاز راٹھور کا مظفرآباد کا تفصیلی دورہ، سرکاری منصوبوں کا جائزہ لیا
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ عوام کی طاقت سے خطے میں امن و امان قائم ہوا اور اس کے نتیجے میں ترقی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات پر عملدرآمد مکمل کر لیا گیا ہے اور ایف آئی آرز ختم کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 7 ارب روپے کا آؤٹ آف اسکول چلڈرن پروگرام ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس کے تحت ریاست کے ہزاروں بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وزراء اور محکموں کی تعداد 20 کر دی گئی ہے، گریڈ ون ملازمین کو مستقل کیا گیا اور کم سے کم اجرت 40 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین کو ملازمتیں اور زخمیوں کو معاوضے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے اور الیکشن کمشنر کے پینل کو وزیراعظم پاکستان کو ارسال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اس وقت آزاد کشمیر میں حکومت بنانا بڑا چیلنج، تحریک عدم اعتماد اسی ہفتے آ جائےگی، راجا فیصل ممتاز راٹھور
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام آدمی کی جماعت ہے اور بلاول بھٹو کی قیادت میں 2026 میں کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کے بغیر آزادکشمیر کی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، اقوام متحدہ اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔












