کشمور کندھکوٹ ڈسٹرکٹ کے دریائی علاقے گہل پور میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران متعدد مطلوبہ ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان، قومی دھارے میں شامل ہونے کا آخری موقع
ایس ایس پی مراد گھانگرو نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گونٹکی، کشمور اور رحیم یار خان کے مختلف مقدمات میں مطلوبہ ڈاکو اکبر کوش اور جیئل کوش سمیت متعدد عناصر نے خود کو سرنڈر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی شَر، کوش اور دیگر بدنام زمانہ ڈاکو گینگز کے خلاف جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اب تک 15 سے زائد ڈاکو پولیس کے سامنے سرنڈر کر چکے ہیں۔ ایس ایس پی گھانگرو نے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک علاقے سے تمام مجرمان کا صفایا نہ ہو جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں نے 4 شہریوں کو اغوا کرلیا، 60 بھینسیں بھی چھین کر فرار
پولیس حکام نے بتایا کہ پنجاب اور سندھ پولیس نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ اس آپریشن میں ڈاکوؤں کے زیر قبضہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیش قدمی کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 62 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کیا ہے جبکہ 50 سے زائد سہولت کار بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ سرنڈر کرنے والوں میں لُنڈ، کوش، لتھانی اور سیکھانی گینگز کے بدنام زمانہ عناصر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بات کیوں کی؟ رکن پنجاب اسمبلی کو پولیس کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کا انکشاف
ڈی آئی جی پولیس غازی صلاح الدین نے بتایا کہ اس آپریشن میں2 ہزار پولیس اہلکار، 8 ڈرون ٹیمیں، 6 بلیٹ پروف گاڑیاں اور درجنوں آرمرڈ کیریئرز شامل ہیں۔














