عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہے گزشتہ انتخابات میں اے این پی کو دھاندلی سے ہرایا گیا، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی کو گھر بھیجنا ہوگا۔
چارسدہ میں باچا خان اور عبدالولی خان کی برسی کے موقع پر خطاب میں اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں ہر چیز ہائبرڈ ہو گئی ہے، جس میں چچا آصف زرداری اور ان کی پارٹی بھی شامل ہیں، نواز شریف، ان کی پارٹی بھی ہائبرڈ ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوٹوں کی باتیں وہی کرتے ہیں جو خود لوٹوں کی توہین ہے، ایمل ولی خان
انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبے میں دھاندلی سے ہرایا گیا، ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کو گھر بھیجنا ہوگا۔ انہوں نے دہشتگردوں کے حامیوں کو سزا دینے اور دہشتگردوں کو لانے والوں کو قوم کا مجرم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں انہیں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا، اس لیے ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
کراچی میں باچا خان کی برسی کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے تھے کہ اے این پی ختم ہو گئی ہے، وہ دیکھ لیں کہ باچا خان اور ولی خان کو سیاست میں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان ہائی کورٹ نے سینیٹر ایمل ولی خان کے انتخاب کو درست قرار دے دیا
انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے پختونوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اے این پی کے ساتھ ہیں اور یہ کہنا درست نہیں کہ پختون قوم طالبان یا پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
اے این پی سربراہ نے کہا کہ تیراہ کے لوگ بے یارو مددگار اپنے گھروں کو خالی کر رہے ہیں، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت کے لیے خیبر پختونخوا کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تذلیل پر کوئی بات نہیں کر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیراہ کے لوگوں کو ان کے مستقبل کی ذمہ داری دینا لازمی ہے اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق کے فیصلے کے برعکس کے پی حکومت نے ایمل ولی کو سیکیورٹی فراہم کردی
ایمل ولی خان نے کہا کہ وہ پورے پاکستان میں امن کا مطالبہ کرتے ہیں اور لاکھوں پختون کراچی، لاہور اور بلوچستان میں رہتے ہیں، ان کے حقوق کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختون قوم کے لیے ایک پُرامن پاکستان ضروری ہے، کیونکہ دہشت گرد قوم اور ریاست کے دشمن ہیں۔














