ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، جس میں ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین حالیہ صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کا ممکنہ بائیکاٹ، کیا آئی سی سی پاکستان کے خلاف کارروائی کا اختیار رکھتا ہے؟
ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
Had a productive meeting with the Prime Minister Mian Muhammad Shahbaz Sharif. Briefed him on the ICC matter, and he directed that we resolve it while keeping all options on the table. It was agreed that the final decision will be taken either on Friday or next Monday. pic.twitter.com/6SOvNdLceW
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) January 26, 2026
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز زیر غور رہیں۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائےگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو بتایا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے لیے دوسرا قانون لاگو کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی میزبانی قبول نہیں کی تھی، جس کے بعد اسے متبادل وینیو فراہم کیا گیا۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا، مگر آئی سی سی نے انہیں متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈکپ سے خارج کر دیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو شمولیت کے عوض حاصل ہونے والی رقم بھی نہیں ملے گی، تاہم بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں نقصان زیادہ بھارت کو ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی نے وزیراعظم کو پاکستان کی شمولیت یا عدم شمولیت کے ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: بھارت میں مہلک وائرس پھیل گیا، ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 شدید خطرات سے دوچار
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ سے بنگلا دیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے احتجاج کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔













