سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سینکڑوں اسکول کے طلبہ نے ایک منفرد تاریخ رقم کردی ہے، جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور توجہ بٹانے والے عوامل کے اس دور میں بھی کتابوں کی اہمیت برقرار ہے۔
سعودی دارالحکومت میں حال ہی میں الف انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ کی جانب سے تحریر کردہ 500 کتابوں کی بیک وقت رونمائی کی گئی، جو ایک مشترکہ کاوش کے تحت طلبہ کی لکھی گئی سب سے زیادہ کتابوں کی لانچنگ کا ریکارڈ ہے۔
مزید پڑھیں: اتنی مہنگی کتاب: 1937 میں شائع ہوئی ’دی ہوبٹ‘ کا پہلا ایڈیشن کتنے پاؤنڈز میں فروخت ہوا؟
اس غیر معمولی کامیابی پر طلبہ نے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا، جس کی خوشی میں’بک بلوم 500 ‘ کے عنوان سے شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے سرکاری جج پروین پٹیل نے کہاکہ یہ نمایاں ادبی سنگِ میل سب سے بڑی تخلیقی تحریری کلاس کے طور پر منعقد کیا گیا، اور بک بلوم 500 منصوبہ تمام مطلوبہ شرائط پر پورا اترا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سعودی صحافی خالد المعینہ تھے، جبکہ اس موقع پر سعودی اور غیر ملکی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، والدین اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرب نیوز کے سابق مدیر اعلیٰ نے نوجوان مصنفین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان میں سے کئی طلبہ مستقبل میں عظیم مصنف بن کر دنیا کی بہتری اور انسانیت کی خدمت میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بچوں کی ہمہ جہت تربیت میں اپنے اہم کردار کی یاد دہانی بھی کروائی۔
ننھے مصنفین اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب معزز مہمانوں نے ان کی کتابوں کی رونمائی کی۔ ان کے چہروں پر مسکراہٹیں عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر فخر اور مسرت کی عکاس تھیں۔
الف گروپ آف اسکولز کے چیئرمین شیخ علی عبدالرحمان نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنانے والی ٹیم ورک کو سراہا۔
الف گروپ آف اسکولز کے سی ای او لقمان احمد نے بتایا کہ اس ریکارڈ کے حصول کے لیے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین نے ایک سال تک مسلسل محنت کی۔
انہوں نے کہاکہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے اسکول کے تمام 1300 طلبہ میں مطالعے کی عادت کو فروغ دیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک تہائی سے زیادہ طلبہ مصنفین کی دنیا میں داخل ہوئے۔
مزید پڑھیں: ہاتھوں سے محروم بلوچستان کے ادیب جنہوں نے پاؤں سے 19 کتابیں لکھیں
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت انگریزی، عربی اور مزید پانچ زبانوں میں مختلف موضوعات پر کتابیں شائع کی گئیں۔
تقریب میں ننھے بچوں کی جانب سے دلکش پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس نے شرکا کو خوب محظوظ کیا۔














