22 لاکھ کی گاڑی کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی نمبر پلیٹ، پشاور میں نیا کارنامہ

منگل 27 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت ایک کروڑ 50 لاکھ روپے پر ایک نمبر پلیٹ نیلام ہوئی، جو وزیرستان سے تعلق رکھنے والے شخص نے حاصل کی۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے زیرنگرانی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی پشاور کے نشتر ہال میں ہوئی، جس میں 20 سے زیادہ مختلف ناموں کی نمبر پلیٹس نیلام کی گئیں۔ ان میں سب سے زیادہ بولی ’وزیر ون‘ کے لیے آئی، جو ایک کروڑ 50 لاکھ روپے رہی۔ یہ نمبر پلیٹ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے محمد ہلال نے کامیاب بولی کے بعد حاصل کی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت عمران خان سمیت مختلف ناموں کی نمبر پلیٹس نیلام کرے گی

’گاڑی 22 لاکھ کی، نمبر پلیٹ ڈیڑھ کروڑ کی‘

محمد ہلال کا تعلق وزیرستان سے ہے، جنہوں نے ’وزیر ون‘ کے لیے بولی میں حصہ لیا اور ڈیڑھ کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر یہ نمبر پلیٹ حاصل کی۔ محمد ہلال نے بتایا کہ ان کے پاس کوئی مہنگی گاڑی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، ’میرے پاس پرانے ماڈل کی کرولا گاڑی ہے، جس کی قیمت 22 لاکھ روپے ہے، اور میں یہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی نمبر پلیٹ اسی گاڑی پر لگاؤں گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ اتنی مہنگی نمبر پلیٹ لینے کے پیچھے ان کے دل میں اپنی قوم کے لیے عزت اور محبت ہے، اور وہ اپنی قوم کو ہمیشہ سب سے پہلے رکھتے ہیں۔

کون سا نام کتنے میں فروخت ہوا؟

خصوصی نمبر پلیٹس کے لیے بولی کا آغاز ’خان ون‘ سے ہوا، جس کے لیے ابتدائی بولی 10 لاکھ روپے سے شروع ہوئی اور ایک کروڑ 11 لاکھ روپے پر جا کر ختم ہوئی۔

’خان ون‘ کے لیے کئی افراد نے بولی دی، تاہم کامیاب بولی ایک کروڑ 11 لاکھ روپے رہی، جو سابق صوبائی وزیر اور وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن نیک محمد نے دی۔ انہوں نے ’خان ون‘ کے نام کی نمبر پلیٹ کامیاب بولی دے کر حاصل کرلی۔

’خان ون‘ کے بعد ’آفریدی ون‘ کی بولی شروع ہوئی، جس کے لیے بھی کئی افراد نے حصہ لیا۔ ’آفریدی ون‘ کے لیے ’خان ون‘ سے بھی زیادہ بولی لگی اور یہ ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے پر ختم ہوئی، جو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے دی۔

’آفریدی ون‘ کے بعد ’وزیر ون‘ کی بولی شروع ہوئی، جس کے لیے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا۔ وزیرستان اور وزیر قبائل کے نام پر ’وزیر ون‘ کے لیے سب سے زیادہ بولی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے لگی، جو وزیرستان سے تعلق رکھنے والے محمد ہلال نے دی۔

خصوصی نمبر پلیٹس کے ذریعے آمدنی میں اضافہ

ڈی جی ایکسائز عبدالعلیم خان نے بتایا کہ خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی اوپن بولی کے ذریعے کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ اکثر لوگ اپنی قوم یا علاقے کے نام کی نمبر پلیٹس گاڑیوں پر لگانا پسند کرتے ہیں، اسی لیے محکمے نے مختلف اقوام اور علاقوں کے ناموں پر نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا ایک مقصد آمدنی پیدا کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا، ’ہمارے محکمے کی ایک ذمہ داری آمدنی پیدا کرنا بھی ہے، اور اس ذریعے سے زیادہ ریونیو حاصل ہوگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی قوم یا پسندیدہ شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹس پسند کرتے ہیں، اسی لیے آج کروڑوں روپے کی بولیاں آئیں۔

’وزیر ون ڈیڑھ کروڑ، آفریدی ون ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ درجنوں نئی گاڑیاں رجسٹرڈ کرنے سے بھی اتنی آمدنی حاصل نہیں ہوگی۔‘

مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی، ’1 نمبر‘ پلیٹ کتنے میں نیلام ہوئی؟

انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں اہم شخصیات کے نام بھی شامل کیے جائیں گے، جن کے لیے آن لائن بولی ہوگی اور ملک بھر سے لوگ اس میں حصہ لے سکیں گے۔

مزید تفصیلات اس ویڈیو میں…

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بیرون ملک پاکستانیوں کے روزگار، فلاحی مسائل اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیز کی کارکردگی کا جائزہ

پاکستان نے 2 سال کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھال لی

دہشتگرد وادی تیراہ میں موجود، کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائےگی، مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ

یونان میں دنیا کے قدیم ترین لکڑی کے اوزار دریافت، لاکھوں سال محفوظ رہنے پر سائنسدان حیران

بلوچستان حکومت کا بڑا انتظامی فیصلہ، محکمہ مذہبی امور تحلیل کرنے کی منظوری

ویڈیو

پروپیگنڈا ناکام، منہ توڑ جواب میں ہوش اڑا دینے والے ثبوت آگئے

گوادر: چائے کی خوشبو میں لپٹی خواتین کی خود مختاری، 3 پڑھی لکھی سہیلیوں کا کارنامہ

لاہور کے تاریخی والڈ سٹی میں خاتون کا ’خان ڈیرہ‘ چائے پراٹھوں کی پہچان

کالم / تجزیہ

ایک تھا ونڈر بوائے

کون کہتا ہے کہ یہ شہر ہے آباد ابھی

نظر نہ آنے والے ہتھیاروں سے کیسے بچاؤ کیا جائے؟