محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کے لیے 20 کے قریب نمبرز کی نیلامی ہوئی، تاہم فہرست میں عمران خان کے نام سے منسوب 2 نمبرز نکال دیے گئے، جن کی نیلامی نہ ہو سکی۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں مختلف اخبارات میں اشتہار دیا گیا تھا، جس میں 25 سے زیادہ مختلف ناموں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا بتایا گیا تھا۔ نیلامی کی شائع شدہ فہرست میں 25 نام شامل تھے، جن میں شخصیات، قبائل، علاقے اور اضلاع کے نام شامل تھے۔
مزید پڑھیں: 22 لاکھ کی گاڑی کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی نمبر پلیٹ، پشاور میں نیا کارنامہ
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری نیلامی نوٹس کے مطابق محکمے کی جانب سے منظور شدہ 25 نمبرز میں خلیل 1، ارباب 1، گنڈاپور 1، آفریدی 1، کنڈی 1، سواتی 1، یوسفزئی 1، محسود 1، خٹک 1 جبکہ عمران خان 1 اور عمران خان 804 شامل تھے۔
آج ہونے والی بولی میں 20 سے زیادہ نمبرز شامل تھے، تاہم عمران خان 1 اور عمران خان 804 کو فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔ بولی میں موجود کچھ افراد ان ناموں میں دلچسپی بھی لے رہے تھے۔
عمران خان کے نام کی نمبر پلیٹس کیوں نکالی گئیں؟
ڈی جی ایکسائز عبدالعلیم خان کے مطابق صرف عمران خان کے نام کا مسئلہ نہیں تھا بلکہ ملکی سطح پر اہم شخصیات کے نام بھی شامل تھے، جنہیں ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں نکال دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 1 یا عمران خان 804 کا الگ سے کوئی ایشو نہیں بلکہ زرداری 1، نواز شریف 1 اور دیگر شخصیات کے ناموں پر بھی نمبر پلیٹس تھیں، جو اس مرحلے میں نیلامی کے لیے پیش نہیں کی گئیں۔
ڈی جی کے مطابق پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا کی سطح پر ناموں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی کی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ملکی سطح پر ناموں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی لوگ اس نیلامی میں حصہ لینا چاہتے ہیں، اور پہلے مرحلے میں آن لائن نیلامی لازمی نہ ہونے کی وجہ سے دیگر صوبوں کے افراد کو مشکلات کا سامنا تھا۔
ان کے مطابق دوسرے مرحلے میں ملکی سطح پر ناموں پر نمبر پلیٹس کی نیلامی آن لائن ہو گی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ نیلامی کب ہو گی۔
چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا نے صوبے میں گاڑیوں کے لیے منفرد نمبر پلیٹس کے اجرا کا اعلامیہ جاری کیا تھا، جس کے مطابق شخصیات، قبائل، علاقوں اور اضلاع کے ناموں پر نمبر پلیٹس کے لیے اوپن بولی ہو گی۔
پہلے مرحلے میں 25 مختلف ناموں کی نمبر پلیٹس شامل تھیں، جو مختلف قبائل، علاقوں، اضلاع اور عمران خان کے نام پر تھیں۔
محکمے کی جانب سے جاری نیلامی نوٹس کے مطابق منظور شدہ 25 نمبرز میں قبائل یا اقوام کے ناموں پر خلیل 1، ارباب 1، گنڈاپور 1، آفریدی 1، کنڈی 1، سواتی 1، یوسفزئی 1، محسود 1، خٹک 1 اور دیگر شامل تھے۔
اسی طرح اضلاع اور علاقوں کے ناموں میں ایبٹ آباد 1، ہری پور 1، مالاکنڈ 1، صوابی 1 اور دیگر شامل تھے، جبکہ شخصیات کے ناموں میں عمران خان 1 اور عمران خان 804 شامل تھے۔
کون سے نمبر کتنے میں نیلام ہوئے؟
چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران وزیرستان کی وزیر قوم سے منسوب نمبر پلیٹ ’وزیر 1‘ سب سے مہنگے داموں نیلام ہوئی، جس کی بولی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے لگی۔ دوسرے نمبر پر آفریدی 1 کی نیلامی ہوئی، جو ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوئی۔ تیسرے نمبر پر خان 1 کی نیلامی ہوئی، جو ایک کروڑ 11 لاکھ روپے میں ہوئی۔
اسی طرح پشاور 1 کی بولی ایک کروڑ روپے، ہری پور 1 کی 80 لاکھ روپے، یوسفزئی 1 کی 49 لاکھ روپے میں ہوئی، جبکہ سب سے کم بولی گنڈاپور 1 کی 10 لاکھ 80 ہزار روپے رہی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی، ’1 نمبر‘ پلیٹ کتنے میں نیلام ہوئی؟
محکمے کے مطابق فہرست میں موجود کچھ نمبر پلیٹس کی نیلامی اس لیے نہ ہو سکی کیونکہ ان کے لیے بولی میں حصہ لینے والوں کی تعداد ایک سے زیادہ نہ تھی، جبکہ ان نمبرز کی نیلامی بھی اگلے مرحلے میں کی جائے گی۔












