وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی کابینہ کے تمام اراکین کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ٹریننگ حاصل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز گوگل کی اعلیٰ سطحی ٹیم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان معاملات طے پا گئے، مریم نواز کا اہم اعلان
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ دور میں اے آئی کی مہارت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف خود اے آئی سیکھیں بلکہ اپنے متعلقہ محکموں میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھائیں اور ملازمین کو بھی اس کی تربیت دینے کو ترجیح دیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا، یہ وقت ہے کہ ہم سب اے آئی کی طاقت کو سمجھیں اور اسے عوامی بہبود کے لیے استعمال کریں۔
گوگل کی ٹیم نے ملاقات کے دوران اے آئی کے مختلف ایپلی کیشنز پر بریفنگ دی، جس میں گورننس، ایڈمنسٹریشن اور پبلک سروسز میں اس کی افادیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس ملاقات میں کابینہ کے متعدد اراکین شریک تھے، اور اس کے فوری بعد وزیراعلیٰ نے وزراء کو ٹریننگ کی ہدایت جاری کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں یہ ٹریننگ ضرور حاصل کروں گی کیونکہ ہر شعبے میں جدت اور ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔
اے آئی سیکھنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس کی مدد سے پریس ریلیز تیار کرنا، مواد کی تیاری اور دیگر کام بہت آسان ہو جائیں گے۔ ہم اے آئی ٹولز سے بہت سے کام لے سکتے ہیں جو وقت اور وسائل کی بچت کریں گے۔ یہ وزیراعلیٰ کا ایک بہترین اور بروقت اقدام ہے جو پنجاب کو ڈیجیٹل طور پر مضبوط بنائے گا۔
یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد محکموں کی کارکردگی بڑھانا اور عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت پنجاب کی طرف سے پولیس کے 17 شہدا کے ورثا کو گھر سمیت مالی مراعات دینے کی منظوری
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی ٹریننگ سے وزرا اور افسران کو جدید ٹولز استعمال کرنے کی صلاحیت ملے گی، جو بالآخر صوبے کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، ٹریننگ پروگرام جلد شروع کیا جائے گا اور گوگل سمیت دیگر ٹیک کمپنیوں سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ یہ اقدام نہ صرف وزراء بلکہ سرکاری ملازمین اور عوام کے لیے اے آئی کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔














