پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی میں 2 نئے ارکان کو شامل کر کے کمیٹی کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما زلفی بخاری اور انتظار پنجوتھہ کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
Newly nominated political
Committee members pic.twitter.com/Gzi9Jf2vMb— Sheikh Waqas Akram (@SheikhWaqqas) January 28, 2026
گزشتہ ماہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاسی کمیٹی کی ازسر نو تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا، جس کے تحت 23 اہم رہنماؤں کو کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا اور علی امین گنڈاپور، مراد سعید، شہباز گل اور علی محمد خان کو کمیٹی سے خارج کر دیا گیا تھا۔
سیاسی کمیٹی میں شامل دیگر اہم رہنماؤں میں چیئرمین گوہر علی خان، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، فردوس شمیم نقوی، شیخ وقاص اکرم، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور علامہ راجا ناصر عباس شامل ہیں۔
مزید برآں، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، معین قریشی، ملک احمد خان بھچر، سجاد برکی، عالیہ حمزہ، جنید اکبر، حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔
قبل ازیں پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما عمر ایوب خان نے پارٹی کی نئی تشکیل شدہ سیاسی کمیٹی میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا۔
مزید پڑھیں: عمر ایوب کا پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی میں شمولیت سے انکار، ’میری جگہ محمود اچکزئی کو شامل کریں‘
عمر ایوب خان نے یہ بات سیاسی کمیٹی کے سربراہ بیرسٹر سلمان اکرم راجا کو لکھے گئے خط میں کہی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں عمر ایوب خان نے واضح کیا کہ وہ اب نہ تو رکنِ پارلیمنٹ ہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی کے کسی عہدے پر فائز ہیں، اس لیے ان کا سیاسی کمیٹی میں شامل ہونا پارٹی کے طے شدہ معیار کے خلاف ہے۔
انہوں نے یاددہانی کروائی کہ وہ پہلے اجلاس میں بھی اپنی معذوری کا اظہار کر چکے تھے۔














