اسلام آباد پولیس نے پَتنگ بازی اور پَتنگ فروشی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بناتے ہوئے رواں ماہ کے دوران بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔
مزید پڑھیں: بسنت پر پارکوں میں پتنگ بازی پر پابندی، لاہور میں ڈیجیٹل نگرانی کا فیصلہ
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں پَتنگ فروشی اور پَتنگ بازی میں ملوث 54 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کی 10 ہزار سے زیادہ کیمیکل ڈور، 11 ہزار سے زیادہ پَتنگیں، چرخیاں اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پَتنگ بازی محض تفریح نہیں بلکہ ایک جان لیوا کھیل ہے، جبکہ کیمیکل ڈور معصوم بچوں، موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
قاضی علی رضا نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک مشغلے سے دور رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس کی پَتنگ بازی، پَتنگ فروشی اور کیمیکل ڈور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں غیر قانونی پتنگ بازی کی مکمل ممانعت، محکمہ داخلہ کی ہدایات جاری
ایس ایس پی آپریشنز نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔














