فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں کور کی آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں خاص طور پر ملٹی ڈومین وارفیئر (متعدد محاذوں پر جنگ) کی تیاریوں پر توجہ دی گئی۔

ہائی انٹینسٹی فیلڈ ایکسرسائز کا مشاہدہ
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور ٹامیوالی (KPT) کے مقام پر ہونے والی ہائی انٹینسٹی فیلڈ مشق ’اسٹیڈ فاسٹ ریزولو‘ کا مشاہدہ کیا۔
اس مشق میں جدید اور خصوصی ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جن میں بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈروز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام شامل تھے، جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز کو بھرپور اہمیت دے رہی ہیں۔
جوانوں سے خطاب
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیے قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
انہوں نے مستقبل کے جنگی ماحول اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مستقبل کی جنگ اور ٹیکنالوجی
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج متعدد شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، جہاں ٹیکنالوجی نے فیصلہ کن کردار اختیار کر لیا ہے اور اس کے لیے تمام سطحوں پر ذہنی تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجیکل چالیں (Technological Manoeuvres) جسمانی نقل و حرکت کی جگہ لیں گی اور حملہ و دفاع کے طریقہ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیں گی۔
اسی لیے پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے اور اپنی صلاحیتوں میں شامل کر رہی ہیں۔
اس عمل میں جدت (Innovation)، مقامی سطح پر تیاری (Indigenisation)، حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت (Adaptation) بنیادی ستون رہیں گے۔
تعلیمی منصوبوں کا افتتاح
اس سے قبل، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ حب (STP) کا افتتاح کیا، جس کا مقصد خصوصاً جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیں گے جیسے مئی میں دیا تھا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، جس سے پاکستان آرمی کے معیاری تعلیم اور کردار سازی کے عزم کی توثیق ہوتی ہے۔
ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ
بعد ازاں، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مینٹیننس، مقامی سطح پر تیاری اور دیگر جنگی معاون اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

شہداء کو خراجِ عقیدت
اس سے قبل بہاولپور گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر بہاولپور نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس کا استقبال کیا۔
انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو عقیدت کا خراج پیش کیا۔













