لکڑی سے بنائے گئے گھروں کا اسٹارٹ اپ

پیر 29 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے جہاں انسانوں کے لیے بے شمار سہولیات پیدا کی ہیں وہیں ان کے طرز زندگی کے لیے کئی مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں۔ آرام طلبی، سستی اور جسمانی سرگرمیوں کا نہ ہونا موجودہ دور کے بڑے چیلنجز ہیں۔

کھیل کے میدانوں، سیر گاہوں اور تفریحی مقامات کی کمی بچوں کی جسمانی سرگرمیوں میں شمولیت کی راہ میں بڑی رکاوٹ تھی۔ ایسے میں سال 2020ء کے اوائل میں پھیلنے والی کورونا وباء نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

بچے جو پہلے ہی موبائل فون، ٹیبلٹ اور دیگر ذرائع پر میسر ویڈیو گیمز کے ذریعے تفریح کو ترجیح دیتے تھے، کورونا میں انہیں مکمل طور پر گھر میں بند ہونا پڑا۔ ان مسائل کے پیش نظر اسلام آباد کے رہائشی راجہ منان ظفر اور ان کی اہلیہ نے کچھ دلچسپ کرنے کا سوچا۔

منان ظفر کے مطابق ان کی اہلیہ نے انہیں بچوں کے لیے گھر میں کاٹیج بنوانے کا مشورہ دیا۔ لکڑی کے ماہر کاریگر محمد اقبال نے ان کے مشورے اور انٹرنیٹ کی مدد سے کچھ ہی دنوں میں بچوں کے کھیلنے کے لیے لکڑی کا گھر تیار کر دیا۔

اس کاٹیج کی تصاویر جب انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیں تو کئی لوگوں نے ان سے پوچھا کہ یہ انہوں نے کہاں سے بنوایا ہے۔ جس پر انہیں خیال آیا کہ وہ اسے بزنس میں بھی تو بدل سکتے ہیں۔ اس پر انہوں نے انسٹاگرام اور فیس بک پر پیج بنا کر باقاعدہ کام شروع کر دیا۔

منان ظفر کے بقول وہ اب تک ملک کے مختلف شہروں میں اس طرح کے کاٹیجز بنا کر بھیج چکے ہیں اور ایک بار تو انہیں ایک عرب ملک کے شہری نے بھی رابطہ کیا کہ اور کاٹیج بنوانے کی خواہش ظاہر کی۔

اس کاٹیج کی تیاری میں کتنا وقت لگتا ہے اور اس عمل میں کتنے افراد شریک ہیں، دیکھیں اسامہ خواجہ کی ڈیجیٹل رپورٹ میں ۔۔۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp