بھاٹی گیٹ سانحہ قتل کے مترادف قرار، 5 افسران گرفتار، 2 برطرف

جمعرات 29 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے بھاٹی گیٹ میں پیش آنے والے مین ہول سانحے کو قتل کے مترادف قرار دیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے بعد پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت 5 افسران کی گرفتاری اور 2 افسران کو ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

مزید پڑھیں: ماں اور بچی کے سانحے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شدید رنجیدہ، غفلت کے مرتکب کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے، نیسپاک اور کنٹریکٹر تینوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ لاہور جیسے بڑے شہر میں تعمیراتی کام شہریوں کی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے ہوتے ہیں، نہ کہ انسانی جانوں کے ضیاع کے لیے۔ انہوں نے کمشنر لاہور کو بھی اس واقعے کا اتنا ہی ذمہ دار قرار دیا جتنا ایل ڈی اے کو ٹھہرایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انکشاف کیا کہ واقعے کو دبانے کی کوشش کی گئی اور ہر مرحلے پر غفلت برتی گئی، جو ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے واقعات کے ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کسی شہری کی جان خطرے میں نہ پڑے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں پالتو شیر رکھنے کی قانونی اجازت ختم، وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا فیصلہ

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لاہور واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں اور ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp