پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فضائی رابطے 14 سال بعد بحال ہوگئے ہیں، بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی ہے۔
جمعرات کی شب بنگلادیش کی بیمان ایئرلائن کی افتتاحی پرواز حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ ڈھاکہ سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ ڈھاکہ سے کراچی آنے والی افتتاحی پرواز میں 149 مسافر سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری، ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازیں 14 سال بعد بحال
کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے پر بیمان ایئر لائنز کے طیارے کو روایتی انداز میں واٹر سلیوٹ دیا گیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 14 سال بعد براہ راست پروازوں کی بحالی صرف فضائی اشتراک نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں تعاون کے فروغ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کئی سال پر محیط سازشیں دم توڑ چکی ہیں، جبکہ انتہا پسند مودی نہ صرف پاکستان بلکہ بنگلہ دیش میں بھی بدامنی کا ذمہ دار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے پروازوں کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، نشستیں چند گھنٹوں میں بک
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے میدان میں بھی بھارت نے بنگلہ دیش کو باہر کرنے کی کوشش کی، تاہم بنگلہ دیشی عوام اور پاکستانی قوم کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور براہ راست فضائی رابطے کی بحالی پر بنگلہ دیش حکومت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعلقات تیزی سے فروغ پائیں گے اور بھارتی سازشوں اور جارحیت کا پاکستان اور بنگلہ دیش مل کر مقابلہ کریں گے۔













