بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی اور سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی قیادت کی موجودگی کے معاملے پر صورتحال میں نیا موڑ آگیا ہے، سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ کی اٹارنی جنرل سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وکلا رہنماؤں نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے آفس میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی کی باضابطہ درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کو معائنے کے لیے پمز لایا گیا‘، وفاقی وزیر اطلاعات نے تصدیق کردی
ملاقات کے دوران اٹارنی جنرل آفس میں پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کی تواضع کافی سے کی گئی، جبکہ گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کے پیش نظر ان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی ضروری ہے۔
صبح ہمارے دو سینئر وکلاء سلمان اکرم راجہ صاحب اور لطیف کھوسہ صاحب چیف جسٹس صاحب سے ملنے گئے ان سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن رجسٹرار سپریم کورٹ اور اٹارنی جنرل سے ملاقات ہوئی انہوں نے کہا کہ اس پر وہ جلد مثبت ریسپانس دینگے ہم اس مثبت ریسپانس کا انتظار کررہے ہیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے… pic.twitter.com/ZUhQidSNCc
— Zakir Khan (@ZakirKhan51) January 30, 2026
اس ضمن میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ رپورٹس ان کے ذاتی معالجین کو فراہم کی جائیں تاکہ بہتر طبی رائے دی جاسکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ وہ میڈیکل رپورٹس تک رسائی کے معاملے پر حکومت کو پیغام پہنچائیں گے۔
اس سلسلے میں وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس ان کے ذاتی معالجین کو فراہم کرنے کی استدعا پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کے بعد معاملے پر مزید قانونی اور انتظامی مشاورت متوقع ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی قیادت کی سپریم کورٹ کے باہر موجودگی کو بھی اسی تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔














