رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے مطابق پاکستان میں کل (19 فروری بروز جمعرات) پہلا روزہ ہوگا۔
رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے رمضان المبارک 2026 کے لیے دفتری اوقات کا اعلان کردیا
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے لاہور، کراچی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں الگ الگ اجلاس منعقد کیے۔
چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں موصول ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگی۔
انہوں نے پوری قوم کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ اس مہینے میں اللہ سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ رمضان المبارک میں ہی اللہ پاک نے ہمیں وطن عزیز پاکستان کی نعمت عطا کی، ہمیں رمضان میں پاکستان سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے بھی دعا کرنی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج ہمارے ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، اور دشمن کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیتا، لیکن افواج پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں برسرپیکار ہیں۔
قبل ازیں پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہاکہ ہماری اتحاد کی کوشش ہے، اور اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے علما نے بھی ہمارا ساتھ دیا ہے۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ڈی جی حافظ عبدالقدوس، سپارکو کی جانب سے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ، اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین نے شرکت کی۔
قبل ازیں سپارکو کے ترجمان نے بتایا تھا کہ چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا، اور آج غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی، جس سے آنکھ سے نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: ماہِ رمضان میں سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹس کو وائرل بنانے کے لیے بہترین وقت کون سا ہے؟
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں گزشتہ روز چاند نظر آگیا تھا، جس کے مطابق آج وہاں پر پہلا روزہ ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں