سعودی عرب حکومت نے حجاج کرام کے لیے سفری انتظامات مکمل کر لیے ہیں، اس کے لیے ٹرین سروس شروع کی جا رہی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی ریلوے کمپنی ’سار‘ نے تفصیلات بتائی ہیں کہ حج 2023 کے دوران عازمین حج کو سفری سہولتوں کی بہتر فراہمی کے لیے حرمین ایکسپریس ٹرین اور مشاعر مقدسہ ٹرین کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سعودی ریلوے کمپنی ’سار‘ نے مزید بتایا ہے کہ حج سیزن کے لیے حرمین ایکسپریس ٹرین اور مشاعر مقدسہ ٹرین کے انتظامات مکمل کر نے کے علاوہ مشاعر مقدسہ ٹرین اور اس سے متعلقہ تمام سٹیشنوں کی جانچ پڑتال اور دیکھ بحال کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
سعودی ریلوے کمپنی کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ ٹرین 7 ذی الحجہ سے 13 ذی الحجہ 1444ھ تک عازمین کو مقامات مقدسہ پر سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ عرفات، مزدلفہ اور منی تینوں حج مقامات کے لیے 17 ٹرینیں مختص کی گئی ہیں۔ ٹرینیں 9 سٹیشنوں پرسفر کے لیے دستیاب ہوں گی۔