وزیر اعظم شہباز شریف کی عمران خان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

جمعہ 3 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین سے مشاورت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے 7 فروری کو دارالحکومت میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیدی گئی۔

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک کو وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت پہنچائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کل پشاور میں ہونے والی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایاز صادق نے وزیر اعظم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف طلب کی گئی ایپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شریک ہونے کی دعوت دی۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہونیوالے ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسر شرکت کریں گے۔ سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش دہشت گرد حملہ کے واقعہ پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے اور محکمہ انسداد دہشت گردی سمیت پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے مطلوبہ اقدامات پر غور ہوگا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp