بھارت سب سے سستی مینوفیکچرنگ لاگت کے حوالے سے دنیا کا سَر فہرست ملک ہے۔ 85 ممالک کی فہرست میں بھارت بہترین ممالک کی درجہ بندی میں 31ویں جبکہ ’اوپن فار بزنس‘ کی درجہ بندی میں 38ویں نمبر پر ہے۔
یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کے مطابق 85 ممالک کی 73 خصوصیات کا جائزہ لیا گیا ہے، خصوصیات کو 10 زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ترقی، تیز رفتاری، انٹرپرینیورشپ، کاروبار کے لیے سازگار، معاشرتی مقاصد اور معیار زندگی شامل ہیں۔
’اوپن فار بزنس‘ درجہ بندی میں بھارت نے سستے مینوفیکچرنگ اخراجات کے معاملے میں 100 فیصد اسکور حاصل کیا ہے لیکن ’سازگار ٹیکس ماحول‘ میں 100 میں سے 16.2 نمبر حاصل کیے ہیں۔ 18.1 ’بدعنوان نہیں‘ اور 3.5 ’شفاف حکومتی پالیسیوں‘ کے زمرے میں ہیں۔
بھارتی حکومت نے عالمی مینوفیکچرنگ کا مرکز بننے کے لیے پیداوار سے منسلک ترغیبی اسکیمیں شروع کرنے اور اخراجات کا بوجھ کم کرنے جیسے اقدامات اٹھائے ہیں۔ مجموعی طور پر بہترین ممالک کی درجہ بندی میں سوئٹزرلینڈ سرفہرست ہے ، اس کے بعد جرمنی ، کینیڈا ، امریکا اور سویڈن ہیں۔
سستے مینوفیکچرنگ اخراجات والے ٹاپ 40 ممالک کی فہرست میں چین دوسرے، ویتنام تیسرے، تھائی لینڈ چوتھے جبکہ فلپائین پانچویں نمبر پر ہے۔ پھر بالترتیب بنگلہ دیش، انڈونیشا، کمبوڈیا، ملائیشیا، سری لنکا، میانمار، گھانا، کینیا، میسیکو، ازبکستان، کولمبیا، جنوبی افریقا، قزاقستان، تیونس، چلی، الجیریا، ترکیہ، پانامہ، سنگا پور، برازیل اور مصر شامل ہیں۔