کوہاٹ: ٹریفک حادثہ، بچوں اورخواتین سمیت 17 مسافر جاں بحق

جمعہ 3 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوہاٹ ٹنل کے نزدیک انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 3 بچوں اور 3خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ لکی مروت سے پشاور جا رہی تھی کہ اس کی مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں 17 جانیں ضائع ہوگئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو کے ڈی اے ٹیچنگ اسپتال منقتل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بیشتر لاشیں شناخت کے قابل نہیں رہیں۔

حادثہ کوہاٹ ٹنل کے قریب پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں مسافر کوچ الٹ کر سڑک کنارے گر گئی۔  ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہے۔ ریسکیو عملہ نے بتایا کہ ان کی ٹیم اور 7 ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

واضح رہے کہ کوہاٹ میں ایک ہفتہ کے دوران یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ قبل ازیں  29 جنوری کو کوہاٹ میں واقع تاندہ ڈیم میں سیر کے لیے آنے والے مدرسہ کے 50 سے زائد طلبہ کشتی الٹ جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مذکورہ ٹریفک حادثہ ٹریلر کا بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے ٹریفک حادثہ میں 17 قیمتی جانوں کے ضائع ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے متعلقہ حکام کو آئندہ اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی تاکید بھی کی۔ دریں اثنا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp