پاکستانی اولمپیئن انعام بٹ نے اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز ترکیہ میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
انعام بٹ نے 2021 میں پاکستان کے لیے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ انعام بٹ ترکیہ کے شہر ارتاکا میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اب تک نا قابل شکست ہیں۔
پاکستان کے چیمپیئن اور پچھلے ایڈیشن میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے انعام بٹ نے ترکیہ بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں اپنے مخالف پہلوانوں کو زبردست مقابلوں میں پچھاڑتے ہوئے لگاتار 4 فتوحات اپنے نام کیں۔
اس وقت انعام بٹ 90 کلوگرام کیٹیگری کے گروپ اے میں حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے اپنی پہلی فائٹ میں چین کے چاؤ چیانگ یانگ سے مقابلہ کیا۔ انعام بٹ نے یک طرفہ مقابلے کے بعد یانگ کو 3-1 سے ہرا کر اگلی فائٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
انعام بٹ نے اپنے دوسرے مقابلے میں بیلجیئم کے جوناس وان کینیگھم کا مقابلہ کیا اور مقابلے میں ان پر مکمل طور پر حاوی رہے یوں اسے بھی 3-0 کے اسکور سے شکست دے دی۔
انعام بٹ نے اپنے تیسرے مقابلے میں آذربائیجان کے ابراہیم یوسوبوف کا زبردست مقابلہ کیا اور انہیں بھی پچھاڑ کر فتح اپنے نام کر لی۔
بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے پہلے راؤنڈ میں انعام بٹ کا آخری مقابلہ رومانیا کے میہائی نکولے پالاگھیا سے ہوا یہ ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا مقابلہ تھا۔ اس میں انہوں نے اپنے حریف کو 3-0 سے بچھاڑ کر نہ صرف فتح حاصل کی بلکہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
واضح رہے کہ انعام بٹ اب بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے کوارٹر فائنل میں 11 جون کو اپنے مخالف کے مدمقابل ہوں گے، دو روزہ ایونٹ اتوار کو ہی ختم ہو جائے گا اور اسی روز ناک آؤٹ راؤنڈز بھی ہوں گے۔